تازہ ترین

حکومت کا ججز کے خط پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ...

فوجی عدالتوں سے 15 سے 20 ملزمان کے رہا ہونے کا امکان

اسلام آباد : اٹارنی جنرل نے فوجی عدالتوں سے...

لاہور: انارکلی بازار میں دھماکا، 2 افراد جاں بحق

لاہور: لاہور کے مصروف اور قدیم بازار انار کلی میں خوفناک بم دھماکا ہوا ہے، دھماکے کے نتیجے میں 9 سالہ بچے سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 25 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے مشہور انار کلی بازار میں دھماکا ہوا ہے، دھماکا اس قدر خوفناک تھا کہ عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا، دھماکے کے فوری بعد کئی گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔

رپورٹ کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں نو سالہ بچے سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 25 زخمی ہوئے ہیں، زخمی بچہ کراچی سے لاہور اپنے رشتے داروں کے یہاں آیا تھا۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں کی بڑی تعداد جائے حادثے پر پہنچی اور دھماکے میں زخمیوں کو طبی امداد کے لئے میو اسپتال منتقل کیا۔

دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے تمام غیر متعلقہ افراد کو متاثرہ جگہ سے دور ہٹادیا ہے جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بھی موقع پر پہنچ کرتحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

ایم ایس میو اسپتال نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ بڑی تعداد میں زخمیوں کے پیش نظر اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور اضافی طبی عملے کو طلب کرلیا گیا ہے، دھماکے کے 8 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

زخمیوں سے متعلق ایم ایس میواسپتال کا کہنا تھا کہ سر پر بہت کم زخم آئے، ٹانگوں ،ہاتھوں پر زیادہ چوٹیں آئیں، انہوں نے کہا کہ دھماکے میں بال بیرنگ کےحوالےسےکچھ کہناقبل ازوقت ہوگا، زخمیوں کوبہترین طبی سہولتیں دی جارہی ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر کا دورہ میو اسپتال

انار کلی بازار میں دھماکے کی اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیضان احمد میو اسپتال پہنچے اور زخمیوں کی عیادت کی۔

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد کی میڈیا سے گفتگو

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد نے انار کلی بازار میں دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لوہاری چوک میں دھماکا ہواہے، ابتدائی طورپرلگ رہاہے کہ پلانٹڈ ڈیوائس تھی، جسے موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ متاثرہ مقام پر ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے، دھماکے میں زخمی و جاں بحق افراد کو اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے، زخمیوں کے ورثا کوبتانا چاہتے ہیں کہ انکےپیارے محفوظ ہیں اور انہیں بہترین طبی امداددی جارہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس

انار کلی بازار میں ہونے والے دھماکے پر وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے حکم دیا کہ واقعےکی تحقیقات کرکے جامع رپورٹ پیش کی جائے اور دھماکے میں زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

شہباز شریف، چوہدری شجاعت، پرویزالٰہی اور مونس الہیٰ کی مذمت

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے انارکلی میں دھماکے میں قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے، ٹوئٹر پر جاری بیان میں شہبازشریف نے کہا کہ معصوم بچےاور غریب افراد اس میں نشانہ بنے جو قابل مذمت ہے، جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں، اسلام آباد کے بعد لاہور میں دہشتگردی ملک کیلئے نیک فال نہیں۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالٰہی نے بھی انار کلی بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو فوری طور پر بہترین طبی امداد دی جائے، چوہدری شجاعت نے مطالبہ کیا کہ شہرکا امن خراب کرنیوالوں کو فوری گرفتار کر کےسزا دی جائے جبکہ مونس الٰہی نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے لئے دعائے مغفرت جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے آئی جی پنجاب سے واقعےکی ابتدائی رپورٹ طلب کرلی ہے، انہوں نے پولیس کے اعلیٰ حکام کو ہدایت کی کہ تحقیقات کے دوران تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھا جائے۔

پولیس کو الرٹ رہنے کا حکم

انار کلی دھماکے کے بعد آئی جی پنجاب نے شہر کے اہم مقامات پر سیکیورٹی سخت کرنے کا حکم دے دیاہے اور پولیس حکام کو کڑی ہدایت جاری کیں ہے کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی جائے اور جامع تلاشی کے بعد گاڑیوں کو داخلے کی اجازت دی جائے۔

Comments

- Advertisement -
حسن حفیظ
حسن حفیظ
حسن حفیظ ایک نوجوان صحافی ہیں اور اے آر وائی نیوز لاہور کے لئے صحت، تعلیم اور ایوی ایشن سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں