The news is by your side.

Advertisement

پرندہ ٹکرانے سے نجی طیارے کی پرواز بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی

لاہور: علامہ اقبال ایئرپورٹ پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں تھم نہ سکے۔

ذرائع کے مطابق کراچی سے لاہور آنے والی نجی ایئر لائن کی پرواز پی ایف ایک سو تینتالیس کیساتھ پرندہ ٹکراگیا تاہم کپتان نے مہارت کیساتھ طیارےکو لاہور ائیرپورٹ پربحفاظت اتار لیا، پرواز میں ایک سو بیس مسافرسوار تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکنیکل عملےنے اڑان کے قابل نہ ہونےپر طیارے کو گراؤنڈ کردیا ہے، پرندے ٹکرانے کے واقعے کے بعد لاہور سےکراچی جانےوالی پرواز پی ایف ایک سو چوالیس کومنسوخ کیا گیا۔

ایئرپورٹ حکام نے بتایا کہ لاہور ایئرپورٹ پر پرندوں کی وجہ سےآج تین پروازیں متاثر ہوئیں۔

واضح رہے کہ مسافر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کی وجہ سے ایک جانب مسافروں کی زندگیوں کوخطرات لاحق ہوتے ہیں دوسری جانب ایئرلائن کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ پی آئی اے کی رپورٹ کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر پرندے ٹکرانے کے سب سے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور سے دبئی جانے والا طیارہ سنگین حادثے سے بچ گیا

اس حوالے سے گزشتہ سال قومی ایئرلائن(پی آئی اے) کے ترجمان کا ایک بیان بھی سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ کے اطراف آبادی کے رہائشی پرندوں کیلئے دانا پھینکتے ہیں جس کے باعث پرندے جہازوں کی زد میں آجاتے ہیں۔

دو سال قبل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مسافر طیاروں سے پرندوں کے ٹکرانے کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے کراچی اور لاہور کے ایئرپورٹس پر پرندوں کو بھگانے کے لیے برڈ شوٹرز فعال کیے تھے۔

تاہم ان دو سالوں کے دوران پرندوں کے جہازوں کے ٹکرانے کے متعدد واقعات رونما ہوچکے ہیں جس نے برڈ شوٹرز کی فعالیت پر سوال اٹھا دیے ہیں۔

Comments

یہ بھی پڑھیں