برسلز : کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان اور انگلینڈ کےدرمیان کھیلا گیا ہاکی میچ دو دو گول سے برابر ہوگیا، ایونٹ میں پاکستان کے اب تک تینوں میچ برابر رہے ہیں، جس کے باعث سیمی فائنل میں رسائی مشکل ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کامن ویلتھ گیمز کے ہاکی ایونٹ میں پاکستان کا ایک اور میچ برابر ہوگیا، پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں پہلے دو کوارٹرز میں کوئی گول نہ کرسکیں۔
کھیل کے دوران دونوں ٹیموں نے گول کرنے کے کئی مواقع ضائع کیے لیکن تیسرے کوارٹر میں پاکستان نے گول داغ کر پہلی برتری حاصل کی۔
انگلینڈ نے تیسرے کوارٹر میں ہی حساب برابر کردیا۔تاہم چوتھے کوارٹر میں انگلینڈ نے دوسرا گول کرکے برتری حاصل کرلی، کھیل کے آخری لمحات میں علی مبشر نے پینالٹی کارنر پر گول داغ کرمقابلہ برابر کردیا۔
پاکستان کامن ویلتھ گیمز میں تاحال ناقابل شکست ہے، پاکستان کا پہلا میچ ویلز دوسرا بھارت اور اب تیسرا میچ انگلینڈ کے ساتھ بھی برابر رہا،۔
پاکستان کی جانب سے عرفان جونیئر اور مبشر نے گول اسکور کئے، گرین شرٹس کے 3 میچز کھیلنے کے بعد میں 3 پوائنٹس ہیں جس کے باعث اس کی سیمی فائنل میں رسائی مشکل ہوگئی ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیاپر شیئر کریں۔