اسلام آباد: وفاقی پولیس نے گزشتہ ہفتے کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، ایک ہفتے کے دوران پولیس نے 215 ملزمان گرفتار کر لیے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے ایک ہفتے کی کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف کارروائیوں میں دو سو سے زاید ملزمان گرفتار کر لیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گرفتار شدگان میں ڈکیتی، رہزنی، نقب زنی، چوری، کار اور موٹر سائیکل چوری و دیگر جرائم میں ملوث ملزمان شامل ہیں۔
گرفتار ملزمان سے 1 کروڑ 32 لاکھ 95 ہزار 720 روپے کا مالِ مسروقہ، اسلحہ اور منشیات برآمد کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 156 مقدما ت کی تفتیش مکمل کر کے ان کے چالا ن مجاز عدالتوں کو بھجوائے گئے
، جب کہ اشتہاریوں کے خلاف مہم کے دوران 14 اشتہاری گرفتار کیے گئے۔
دریں اثنا، اسلام آباد ٹریفک پولیس نے بھی معیاری طریقہ کار پر عمل در آمد شروع کر دیا ہے، ٹریفک اہل کار عوام کو پہلے سیلوٹ کرتے ہیں اور پھر دیگر خدمات انجام دیتے ہیں۔
خیال رہے کہ ایس اسی پی ٹریفک ڈویژن اسلام آباد نے احکامات جاری کیے تھے کہ ٹریفک اہل کار سب سے پہلے سیلوٹ کریں گے اس کے بعد دیگر کارروائی عمل میں لائیں گے۔