اسلام آباد: مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سرکاری حج اسکیم میں آج شام 6 بجے تک 2 لاکھ 16 ہزار 542 درخواستیں موصول ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق حج درخواستوں کی وصولی آج شام 6 بجے تک جاری رہی، ترجمان مذہبی امور نے بتایا دو لاکھ سولہ ہزار سے زائد حج درخواستیں موصول ہو گئی ہیں۔
ترجمان مذہبی امور نے بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عازمین حج کے چیک اور ڈرافٹ پیر تک کلیئر کر دیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بینکوں کی درخواست پر حج قرعہ اندازی ایک دن لیٹ کر دی گئی ہے، بینکوں کو آن لائن انٹری جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ سرکاری حج اسکیم کی قرعہ اندازی منگل 12 مارچ کو ہوگی، وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری قرعہ اندازی کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سرکاری حج اسکیم : درخواستیں چھ مارچ تک وصول کی جائیں گی، ترجمان مذہبی امور
خیال رہے کہ عوام کی سہولت کے لیے درخواست گزاروں کے کوائف وزارت کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیے گئے ہیں، تمام درخواست گزاروں کو ان کے کوائف ایس ایم ایس بھی کیے جا رہے ہیں، ترجمان مذہبی امور نے ہدایت کی ہے کہ درخواست گزار کسی بھی غلطی کی صورت میں متعلقہ بینک سے فوری تصحیح کرائیں۔