راولپنڈی : سیکیورٹی فورسز کے بلوچستان میں آپریشن کے دوران مزید 22 دہشت گرد کو ہلاک کردیا گیا ، جس کے بعد تین روز کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 177 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ آپریشنز کے دوران مزید 22 دہشت گرد جہنم واصل کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات تعاقب کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کو ان کے ٹھکانوں پر نشانہ بنایا گیا، کارروائیاں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئیں، جن میں دہشت گردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ تین روز کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 177 ہو گئی ہے۔ بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے مزید نقصانات اور ہلاکتوں کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں جبکہ سیکیورٹی فورسز علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں


