فیروزوالا: 22 سالہ پولیس کانسٹیبل نے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی، متوفی کی عمر 22 سال تھی اور چند ماہ بعد شادی تھی۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ فیروزوالہ کے علاقے وڈالہ دیال شاہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں پولیس کانسٹیبل نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔
پولیس نے بتایا کہ کانسٹیبل شیروز افضل انصاری نے اپنے گھر میں ماتھے پر پستول سے فائر کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا، متوفی کی عمر 22 سال تھی اور چند ماہ بعد شادی تھی۔
ذرائع کے مطابق شیروز افضل کا تعلق پنجاب کانسٹیبلری کی بٹالین نمبر 7 سے تھا اور وہ ایم پی اے ہاسٹلز لاہور میں سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات تھا۔
واقعے کے بعد فیروزوالہ پولیس نے لاش کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیا، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد مزید کارروائی جاری ہے۔


