پشاور : بیرون ملک سے پشاور آنیوالے 23 مسافروں میں کورونا میں مبتلا نکلے ، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر تمام مسافروں کو قرنطینہ کیلئےاسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں میں کورونا کی تشخیص کا سلسلہ برقرار ہے، پشاور پہنچے والے 23مسافروں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ، تمام مسافر پی آئی اے سمیت دیگر غیرملکی ایئرلائنزکے ذریعے پشاور پہنچے تھے۔
محکمہ صحت کےپی کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر23مسافروں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے، جس کے بعد تمام مسافروں کو قرنطینہ کیلئےاسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ملک بھر کے ایئرپورٹس پر بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لئے سخت اقدامات کیے گئے ہیں، بغیر ٹیسٹ کے کسی بھی مسافر کو ائیرپورٹ سےباہر جانےکی اجازت نہیں دی گئی۔ رپورٹ مثبت آنے پر مسافر کو اپنےخرچےپرقریبی ہوٹل میں قرنطینہ ہوناہوگا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں کے پہلے ریپڈ ٹیسٹ کئے جاتے ہیں، ریپڈ ٹیسٹ میں کورونامثبت پر مسافروں کے علیحدہ سے سویب ٹیسٹ ہوتے ہیں۔
ائیر پورٹ مینجر کے مطابق پشاور ایئرپورٹ پر کورونا خصوصی ہیلتھ ڈیسک بھی قائم کردی گئی ہے ، اے سی سی کی ٹیم محکمہ صحت کی ٹیم کی معاونت جاری رکھے ہوئے ہیں۔