بلدیاتی الیکشن سے ایک روز قبل جیکب آباد میں ہونے والے دھماکے نے سیکیورٹی انتظامات کا پول کھول دیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق جیکب آباد کے علاقے مولا داد پھاٹک کے قریب دھماکا ہوا ہے، دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ چھ زخمی ہوگئے،واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے حادثے پر پہنچی اور لاش وزخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔
پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق سرکاری گاڑی کے گزرنےکے دوران ہینڈ گرنیڈ سےحملہ کیا گیا، بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے، واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کھارادر بم دھماکے کی تحقیقات میں مزید پیشرفت
ایس ایس پی جیکب آباد سمیر نور چنہ نے بتایا کہ دھماکے کے بعد ایک شخص کو گرفتار کیا ہے جس سے تفتیش کے لئے تھانے منتقل کردیا گیا ہے، دستی بم حملے میں زخمی ہونے والوں میں تین پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
سول سرجن ڈاکٹر انیس سنجرانی سول اسپتال جیکب آباد نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکے میں ایک شخص جاں بحق ہوا جبکہ آٹھ زخمیوں کو سول اسپتال لایا گیا ہے، جن میں سے ایک زخمی کو تشویشناک حالت میں چانڈکا اسپتال لاڑکانہ منتقل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں جیکب آباد سمیت چودہ اضلاع میں پولنگ ہونے جارہی ہے۔
ادھر بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں 14 اضلاع میں انتخاب کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، تمام پولنگ مٹیریل،بیلٹ پیپرز، پولنگ بیگز اور اسٹاف کو آج اپنے اپنے پولنگ اسٹیشنز پر مکمل سیکورٹی کے ساتھ پہنچایا جائے گا۔