جمعہ, مئی 8, 2026
اشتہار

سعودی عرب پر حملے غیر ضروری کشیدگی قرار، کور کمانڈرز کانفرنس

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی (7 اپریل 2026): کور کمانڈرز کانفرنس نے سعودی عرب پر ایران کی جانب سے کیے گئے حالیہ حملوں کو غیر ضروری کشیدگی قرار دے دیا۔

آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیرِ صدارت ہونے والی 274ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے معصوم شہریوں کیلیے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ شہدا کی بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

شرکا نے کہا کہ شہدا کی لازوال قربانیاں پاکستان کی سلامتی کی اساس ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی مسلح افواج کی غیر متزلزل پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور آپریشنل کارکردگی و دفاع وطن کیلیے انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں کیلیے ثابت قدمی کی تعریف کی، حکومت، افواج اور عوام کا تعاون ملکی سکیورٹی کامیابیوں کی ضمانت قرار دیا۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان معاشی استحکام اور عالمی سطح پر مقام بہتر بنانے کی راہ پر گامزن ہے۔ شرکا نے بھارت اور بیرونی سرپرستوں کے دہشتگرد پراکسی عناصر کے خاتمے کا عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد، سہولت کاروں اور معاونین کو تعاقب کر کے ختم کریں گے۔

آپریشن غضب للحق کی رفتار برقرار رکھنے کا فیصلہ

کور کمانڈرز کانفرنس میں آپریشن غضب للحق کی رفتار برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شرکا نے کہا کہ دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا، پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کے استعمال کو مکمل ختم کیا جائے گا۔

مشرق وسطیٰ جنگ کے خاتمے کیلیے کوششوں کی تعریف

شرکا نے مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے خاتمے کیلیے حکومتی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور اصولی سفارتکاری کیلیے پرعزم ہے، پاکستان ذمہ دار اسٹیک ہولڈر ہے، علاقائی سلامتی کیلیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

سعودی عرب پر ایرانی حملوں کی مذمت

کور کمانڈرز کانفرنس نے سعودی عرب کے صنعتی کمپلیکس پر ایرانی حملوں کی مذمت کی اور تشویش کا اظہار کیا۔

شرکا نے کہا کہ سعودی عرب پر حملے غیر ضروری کشیدگی کا باعث ہیں، ایران کے ریاض پر حملے پرامن حل کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں، سعودی عرب نے اشتعال انگیزی کے باوجود تحمل اور محتاط رویے کا مظاہرہ کیا۔

جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا کہ سعودی عرب کے تحمل نے سفارتی حل کی راہ ہموار کی۔ شرکا نے کہا کہ ایران کی جارحیت اور حملے خطے میں جاری امن کوششوں کیلیے خطرہ ہیں، حملے پُرامن کوششوں اور سازگار ماحول کو متاثر کرتی ہیں۔

فورم نے بھارت کے گمراہ کن بیانیے اور جھوٹے فلیگ آپریشنز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ہتھکنڈے عالمی سطح پر بے نقاب ہو چکے ہیں۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق خلاف ورزیوں اور جعلی مقابلوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کمانڈرز کو آپریشنل تیاری اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

سپہ سالار نے تربیت، فٹنس اور جدید جدتوں پر بھرپور توجہ دینے کی تاکید کی اور پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو یقینی بنانے کی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

+ posts

لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں

اہم ترین

لئیق الرحمن
لئیق الرحمن
لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں

مزید خبریں