اتوار, جولائی 19, 2026
اشتہار

27ویں آئینی ترمیم: بلاول بھٹو کے بیان پر بیرسٹر علی ظفر کا ردعمل

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد (4 نومبر 2025): 27ویں آئینی ترمیم سے متعلق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر علی ظفر کا ردعمل سامنے آگیا۔

بیرسٹر علی ظفر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ افسوس ہے جب بھی ان سے پوچھا گیا تو انہوں نے یہی کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہے، کہا گیا تھا کہ یہ بے بنیاد خبریں ہیں اور کوئی آئینی ترمیم نہیں ہو رہی۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے ٹوئٹ کے بعد واضح نظر آ رہا ہے کہ حکومت پھر عوام سے جھوٹ بول رہی ہے، جو آئینی ترمیم کی جا رہی ہے اس میں صدارتی اختیارات کو دوبارہ چھیڑا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 27ویں ترمیم آ بھی رہی ہے اور پاس بھی ہو رہی ہے، فیصل واوڈا

انہوں نے کہا کہ مجوزہ آئینی ترمیم میں این ایف سی ایوارڈ کے طریقہ کار میں تبدیلی کی جا رہی ہے، صوبوں کے اختیارات محدود کیے جا رہے ہیں اور سب سے بڑھ کر ایک آئینی عدالت کے قیام کی تیاری کی جا رہی ہے۔

گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کا ایک وفد صدر زرداری اور مجھ سے ملنے آیا تھا، وفد نے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حمایت مانگی ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ مجوزہ 27 ویں آئینی ترمیمی پیکج میں آئینی عدالت کا قیام، ایگزیکٹو مجسٹریٹس کی بحالی اور ججوں کے تبادلے کا اختیار شامل ہے، این ایف سی ایوارڈ میں صوبائی حصے کے تحفظ کے خاتمے کی تجویز اور آرٹیکل 243 میں ترمیم کے نکات بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ مجوزہ آئینی ترمیم میں تعلیم اور آبادی کی منصوبہ بندی کے اختیارات کی وفاق کو واپسی اور الیکشن کمیشن کی تقرری پر جاری تعطل ختم کرنے کی تجاویز بھی شامل ہیں۔

 

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں