اسلام آباد (6 نومبر 2025): 27ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر وزیر اعظم شہباز شریف سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے وفد کی ملاقات کا احوال سامنے آگیا۔
وزیر اعطم شہباز شریف سے ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیر صحت مصطفیٰ کمال شامل تھے۔ ارکان قومی اسمبلی فاروق ستار، جاوید حنیف، امین الحق اور خواجہ اظہار الحسن بھی شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم نے اسپیکر قومی اسمبلی کو اہم ٹاسک دے دیا، ذرائع
ملاقات میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، احد چیمہ، عطا تارڑ، طارق فضل اور رانا ثنا اللہ شریک تھے۔
ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ ملاقات کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم وفد کو بلدیاتی آئینی ترمیمی بل شامل کرنے یقینی دہانی کروائی، بل کو شامل کر کے کمیٹی میں بھیجا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے بلدیاتی آئینی ترمیمی بل کی حمایت اور سپورٹ کی بھی یقین دہانی کروائی، حکومتی وفد اس حوالے سے دیگر اتحادیوں سے بھی بات کرے گا، ایم کیو ایم کو 27ویں ترامیم پر اعتماد میں لیا گیا جبکہ مختلف شقوں پر تجاویز بھی دی گئیں۔


