اسلام آباد (10 نومبر 2025): سینیٹ میں 27 ویں آئینی ترمیم کی تمام 59 شقیں دو تہائی اکثریت سے منظور کرلی گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سینیٹ کا اجلاس چیئرمین یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت ہوا۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے 27 ویں آئینی ترمیم پیش کی جس کی تمام 59 شقیں دو تہائی اکثریت سے منظور کرلی گئیں۔
سینیٹ کے 94 اراکین کے ایوان میں سے 64 اراکین نے تمام شقوں کی مرحلہ وار منظوری دی۔
سینیٹ کے 64 اراکین نے آئینی ترمیم کی چھٹی سے لے کر 19 ویں شق تک کے حق میں بھی ووٹ دیا۔
دوسری جانب 27 ویں آئینی ترمیم کو منظوری کے لیے پیش کیے جانے کے موقع پر تحریک انصاف اور سنی اتحاد کونسل کے اپوزیشن اراکین اسپیکر ڈائس کے سامنے جمع ہو گئے۔ انہوں نے ترمیم کے خلاف نعرے لگائے، کاپیاں پھاڑ دیں اور بعد ازاں وہ سینیٹ سے واک آؤٹ کر کے چلے گئے۔


