اسلام آباد (10 نومبر 2025): 27 ویں آئینی ترمیم کے معاملہ پر جسٹس منصور علی شاہ نے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق 27 ویں آئینی ترمیم کے معاملہ پر جسٹس منصور علی شاہ نے چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی کو خط لکھ دیا ہے، جس میں ان سے بطور عدلیہ سربراہ فوری طور پر ایگزیکٹو سے رابطہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے خط میں مزید لکھا ہے کہ چیف جسٹس، ایگزیکٹو سے رابطہ کر کے ان پر واضح کریں کہ آئینی عدالتوں کے ججز سے مشاورت کے بغیر ترمیم نہیں ہو سکتی۔
خط میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس اس ادارے کے صرف ایڈمنسٹریٹر نہیں بلکہ گارڈین بھی ہیں اور یہ لمحہ آپ سے لیڈر شپ دکھانے کا تقاضا کرتا ہے۔ آئینی عدالتوں کے ججز پر مشتمل ایک کنونشن بھی بلایا جا سکتا ہے۔


