اسلام آباد : قومی اسمبلی سے پاس 27 ویں آئینی ترمیم کا بل آج سینیٹ سے منظور کرایا جائے گا، قومی اسمبلی سے منظور شدہ بل میں آٹھ نئی ترامیم شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کا اجلاس آج دن 11بجے ہوگا، جس کا 13 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔
اجلاس میں قومی اسمبلی سے منظور27ویں آئینی ترمیم کو آج سینیٹ میں پیش کیا جائے گا، ں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ترمیمی بل پیش کریں گے۔ ایجنڈے میں قومی اسمبلی سے منظور شدہ بل میں آٹھ نئی ترامیم شامل ہیں جنہیں آئینی تقاضے کے مطابق سینیٹ سے بھی منظور کرانا ضروری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی اراکین کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
ذرائع نے کہا کہ پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے منحرف سینیٹرز آج کے اجلاس میں ووٹ دینے کے اہل ہوں گے، کیونکہ ان کے استعفے تاحال منظور نہیں کیے گئے۔
رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی کے سیف اللہ ابڑو اور جے یو آئی کے احمد خان نے گزشتہ ترمیم میں حکومت کا ساتھ دیا تھا، تاہم دونوں کے خلاف کوئی ریفرنس دائر نہیں کیا جا سکا، اس معاملے پر آرٹیکل 63 کے تحت ریفرنس بھیجا جاتا ہے۔
سینیٹ اجلاس میں حکومت کی کوشش ہوگی کہ تمام ترامیم کو آج ہی منظور کرالیا جائے۔
مزید پڑھیں : 27 ویں آئینی ترمیم: قومی اسمبلی سے بھی دو تہائی اکثریت سے منظور
گزشتہ روز ستائیسویں آئينی ترمیم قومی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت سے منظور کی گئی تھی ، ترمیم کے حق میں 234 ووٹ آئے، جب کہ مخالفت میں صرف 4 ووٹ ڈالے گئے۔
پی ٹی آئی کے ارکان نے احتجاج کے بعد ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ جے یو آئی ارکان نے ترمیم کی شق وار منظوری میں مخالفت کی۔
قومی اسمبلی اجلاس میں نواز شریف بھی شریک ہوئے، جنہیں دیکھ کر ن لیگ اور اتحادی اراکین نے مصافحہ کیا، نواز شریف نے آصفہ بھٹو کے سر پر ہاتھ رکھا، جب کہ بلاول بھٹو بھی آگے بڑھ کر نواز شریف سے ملے۔
اجلاس میں شرکت کے لیے خورشید شاہ کو وہیل چیئر پر ایوان میں لایا گیا، ان کی نشست بلاول بھٹو نے خود پیش کی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور نواز شریف نے خورشید شاہ کی خیریت بھی دریافت کی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


