اسلام آباد : سینٹ سے منظور 27 ویں آئینی ترمیم کا بل آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، گزشتہ روز سینیٹ نے ستائیسویں آئینی ترمیم کو دو تہائی اکثریت سے منظور کیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس آج صبح گیارہ بجے شروع ہوگا، جس میں سینیٹ سے منظور شدہ ستائیسویں آئینی ترمیم کا بل پیش کیا جائے گا۔
اجلاس کے لیے گیارہ نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔ وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ بل منظوری کے لیے پیش کریں گے۔
گزشتہ روز سینیٹ نے ستائیسویں آئینی ترمیم کو دو تہائی اکثریت سے منظور کیا۔ ترمیم کے حق میں چونسٹھ ووٹ آئے جبکہ مخالفت میں ایک بھی ووٹ نہیں پڑا تاہم اپوزیشن جماعتوں پیپلزپارٹی اور جے یو آئی (ف) نے ووٹنگ کا بائیکاٹ کیا۔
حتمی ووٹنگ سے قبل آئینی ترمیم کی انسٹھ شقوں کی منظوری نشستوں پر کھڑے ہوکر دی گئی، حکومت کو بل کی منظوری کے لیے دو ووٹ کم پڑے تو مخالف جماعتوں سے دو ارکان نے حمایت کی۔
مزید پڑھیں : سینیٹ سے 27 ویں آئینی ترمیم کی تمام 59 شقیں دوتہائی اکثریت سے منظور
جے یو آئی کے احمد خان اور پی ٹی آئی کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے ترمیم کے حق میں ووٹ دیا۔ بعد ازاں سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے اجلاس کے دوران استعفے کا اعلان کردیا۔
ترمیم کی منظوری کے بعد نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایوان کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ میثاقِ جمہوریت کے تحت آئینی عدالت کا قیام ناگزیر تھا تاکہ آئینی معاملات کو علیحدہ طور پر نمٹایا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے اتحادی جماعتوں کی حمایت حاصل کی تھی۔


