کراچی (11 نومبر 2025): 27 ویں آئینی ترمیم کے تحت صوبوں میں وزرا اور مشیروں کی تعداد بڑھانے کی ترمیم بھی منظور کر لی گئی۔
27 ویں ترمیم منظور ہونے کے بعد سندھ میں 4 صوبائی وزرا مزید بھرتی کیے جا سکیں گے، اور سندھ کابینہ میں 2 مشیر مزید کابینہ کا حصہ بنائے جا سکیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ترمیم منظور ہوتے ہی اراکین سندھ اسمبلی نے وزیر یا مشیر بننے کی کوششیں تیز کر دی ہیں، حالیہ کابینہ میں نظر انداز کیے گئے سینئر رہنما بھی قیادت کے پاس زور لگانے لگے ہیں۔
آئینی ترمیم سے قبل سندھ کو 18 وزرا اور 5 مشیر رکھنے کی اجازت تھی، نئی ترمیم کے بعد اب سندھ کابینہ میں 22 وزرا اور 7 مشیر شامل ہوں گے۔
27ویں آئینی ترمیم کو ہم نہیں مانتے، بیرسٹر گوہر
واضح رہے کہ ستائیسویں آئینی ترمیم کا بل قومی اسمبلی میں پیش کر دیا گیا ہے، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بل پیش کیا، اپوزیشن نے احتجاج کیا اور شیم شیم کے نعرے لگائے، وزیر قانون نے کہا ستائیسویں آئینی ترمیم کا بل سینیٹ سے دو تہائی اکثریت سے منظور ہوا ہے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ وہ 27 ویں آئینی ترمیم کو نہیں مانتے، آئین مقدس ذمہ داری ہے لیکن آج اس ذمہ داری سے بے ایمانی کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے حکومتی اتحاد کو قومی اسمبلی میں واضح اکثریت حاصل ہے، آئینی ترمیم میں دو تہائی اکثریت کے لیے 224 ووٹ درکار ہیں۔


