جمعہ, جولائی 17, 2026
اشتہار

27 ویں آئینی ترمیم کل سینیٹ میں پیش کی جائے گی، حکومت کا نمبر گیم مکمل ہونے کا دعویٰ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: 27 ویں آئینی ترمیم سینیٹ میں کل پیش کی جائے گی، حکومت نے سینیٹ میں نمبر گیم مکمل ہونےکا دعویٰ کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے 27 ویں آئینی ترمیم کل سینیٹ میں پیش کی جائے گی ، حکومتی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے جے یو آئی کے بغیر بھی سینیٹ میں نمبرز پورے ہیں،

ذرائع نے بتایا کہ سینیٹ کے 96 ارکان کے ایوان میں حکومت کو 65 ارکان کی حمایت حاصل ہے، جبکہ ترمیم کی منظوری کے لیے کم از کم 64 ووٹ درکار ہیں۔

حکومت کو اے این پی کے 3 سینیٹرز اور آزاد سینیٹر نسیمہ احسان سمیت مزید 6 آزاد سینیٹرز کی حمایت ملنے کا امکان ہے، جن میں محسن نقوی، عبدالکریم، فیصل واوڈا، عبدالقادر، انوار الحق کاکڑ اور اسد قاسم شامل ہیں۔

حکومت نے جے یو آئی کے سینیٹرز کی حمایت حاصل کرنے کی بھی کوششیں شروع کر دی ہیں۔

سینیٹ میں پیپلز پارٹی 26 ارکان کے ساتھ سب سے بڑی جماعت ہے، جبکہ مسلم لیگ ن کے پاس 20 ارکان ہیں۔

اسی طرح بی اے پی کے 4 اور ایم کیو ایم کے 3 ارکان بھی حکومتی اتحاد میں شامل ہیں، اور اے این پی کے 3، نیشنل پارٹی اور ق لیگ کے ایک ایک سینیٹر بھی حکومت کے ساتھ ہیں۔

اپوزیشن کے پاس سینیٹ میں 29 ارکان کی حمایت موجود ہے، جس میں پی ٹی آئی کے 14، جے یو آئی کے 7 اور 6 آزاد اراکین شامل ہیں جبکہ ایم ڈبلیو ایم اور سنی اتحاد کونسل کے ایک ایک رکن بھی اپوزیشن کا حصہ ہیں۔ تاہم، اپوزیشن کے آزاد ارکان مراد سعید اور خرم ذیشان نے ابھی تک حلف نہیں اٹھایا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں