اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وفاق اورصوبوں کے رشتے کی مضبوطی کیلئے 27 ویں ترمیم اہم قدم ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے منعقد ہوا، جس میں 27ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دی گئی۔
وزیراعظم نے اجلاس میں کابینہ ارکان اور اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وفاق اور صوبوں کے تعلقات مضبوط بنانے کے لیے 27ویں ترمیم ایک اہم قدم ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ وزارتِ قانون، اٹارنی جنرل اور ان کی ٹیم نے ترمیم کے لیے قابل تحسین کوششیں کیں، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور صدر آصف علی زرداری کو اعتماد میں لینے پر ان کا شکریہ کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے مزید بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری، خالد مقبول صدیقی، عبدالعلیم خان، خالد مگسی، سالک حسین، ایمل ولی اور اعجاز الحق سمیت دیگر رہنماؤں سے بھی مشاورت کی گئی، جنہوں نے مسودے کی بھرپور حمایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کے فضل سے ملک درست سمت میں ہے، سیاسی اور معاشی استحکام آ رہا ہے، اور ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے تمام جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔


