کراچی: تالاتوڑ گروپ ایک اور بڑی واردات کرگیا، صدر پارکنگ پلازہ کے قریب شہاب الدین ہول سیل مارکیٹ کی 28 دکانیں لوٹ لی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں صدر شہاب الدین مارکیٹ کی دکانوں میں نقب زنی کا واقعہ پیش آیا، رات گئے تالاتوڑ گروپ نے اٹھائیس سے زائد دکانوں کے تالےکاٹ کر چھیالیس لاکھ روپے مالیت کاسامان اور کیش لوٹ لیا، ڈکیتی کی بڑی واردات پر دکانداروں نے کوریڈور3 پر احتجاج کیا اور سڑک بلاک کردی، پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی پردکانداروں نے سڑک ٹریفک کے لئے کھول دی۔
ایک دکاندار نے بتایا پہلے بھی تالا توڑ گروپ مارکیٹ میں وارداتیں کرچکا ہے لیکن پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔
کراچی میں صدر پارکنگ پلازہ کے سامنے واقع مارکیٹ کے اندر نقب زنی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آروائی نیوز نے حاصل کرلی ہے، فوٹیج میں ایک ملزم کو منہ میں ٹارچ دبائے دکان کے اندر لوٹ مار کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ رات گئے تالا توڑ گروپ کے ملزمان نے بیس سے زائد دکانوں کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے لوٹ لئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں : کراچی: تبت سینٹر کے قریب آٹو پارٹس کی21 دکانوں کا صفایا
دوسری جانب شہاب مارکیٹ کی دکانوں میں مبینہ نقب زنی کی واردات اورمتاثرین کے احتجاج پر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ سے تفصیلی انکوائری رپورٹ طلب کرلی ہے۔
انہوں نے ایس ایس پی ایسٹ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ متاثرہ دکانداروں اور مارکیٹ کمیٹی کے ممبران کو اعتماد میں لیکر احتجاج کو فوری ختم کرایا جائے اور کرائم سین سے اکٹھا شواہد اور متاثرہ دکانداروں کے بیانات کی روشنی میں تفتیش کو موٴثر بناتے ہوئے ملوث ملزمان کی جلد گرفتاریوں کو یقینی بنایا جائے۔