اسلام آباد (14 مئی 2026): ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ 28 ویں ترمیم کے معاملے پر حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان پس پردہ مذاکرات جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ آئینی ترمیم اور بعض قوانین میں ترامیم کے لیے 3 سے 4 مسودے تیار کر لیے گئے ہیں، اور ان ہی مسودوں پر روزانہ کی بنیاد پر مشاورت جاری ہے۔
ذرائع نے کہا ہے کہ پی پی اور حکومت کے مابین نئے این ایف سی ایوارڈ کے ساتھ ساتھ نہروں والا معاملہ بھی زیر بحث ہے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو صوبوں کے حوالے کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
28 ویں آئینی ترمیم کب لائی جا رہی ہے؟ اہم خبر آ گئی
بتایا گیا ہے کہ وفاق نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا بجٹ بوجھ اٹھانے سے انکار کر دیا ہے، اس پروگرام کی مد میں وفاقی حکومت سالانہ 700 ارب سے زائد کا بوجھ اٹھا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاق نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ دفاع، قرضوں اور سود کی ادائیگی کے بعد وفاق کے پاس کچھ نہیں بچتا، صوبے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا بوجھ خود اٹھائیں اور فنڈز بھی مختص کریں، تاہم پاکستان پیپلز پارٹی نے ابھی تک ان تجاویز پر آمادگی ظاہر نہیں کی ہے۔


