پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے 3 اہم مقدمات کی سماعت آج اسلام آباد کی مختلف عدالتوں میں ہوگی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق توشہ خانہ کیس میں نا اہلی کے خلاف پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی درخواست کی سماعت آج ہوگی، اسلام ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق سابق وزیراعظم کی درخواست پر سماعت کریں گے۔
عمران خان کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت آج اسلام آباد کی بینکنگ کورٹ میں ہوگی۔
اس کے علاوہ خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی کے کیس میں عمران خان کی ضمانت میں توسیع کا کیس انسداد دہشت گردی عدالت میں سنا جائے گا۔
واضح رہے کہ عمران خان پی ٹی آئی کے حقیقی آزادی لانگ مارچ کی قیادت کے لیے لاہور سے اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہے۔
آج حقیقی آزادی مارچ کا چوتھا دن ہے اور لانگ مارچ کا سفر کامونکی سے شروع ہوگا جس کا پڑاؤ رات گوجرانوالہ میں ہوگا۔