راولپنڈی : پاکستان ایئر فورس کے تین ایئر کموڈورز کو ایئر وائس مارشل کے عہدوں پر ترقی دے دی گئی ہے، ترقی پانے والوں میں محمد ظہور فیصل، صوبان نذیرسید اور رضوان ریاض شامل ہیں.
تفصیلات کے مطابق اگلے عہدون پر ترقی پانے والوں میں ایئر کموڈور محمد ظہور فیصل نے دسمبر1985 میں ایئر ڈیفنس برانچ میں کمیشن حاصل کیا جس کے بعد ایئرڈیفنس، نارتھ سیکٹرکمانڈر کی بھی خدمات انجام دیں جب کہ ریڈار اسکواڈرنز کی کمانڈ بھی کی ان کی صلاحیتوں اور خدمات کے اعزاز میں ایئروائس مارشل محمد ظہور فیصل کو ستارہ امتیاز ملٹری سے بھی نوازا گیا ہے.
ایئرکمودور صوبان نذیر سید نے دسمبر1988میں انجینئرنگ برانچ میں کمیشن حاصل کیا اور مخلتلف ذمہ داریوں کو کماحقہ پورا کرتے ہوئے آج ایئر وائس مارشل کے عہدے پر ترقی حاصل کی انہیں بھی اعلیٰ خدمات اور بہترین پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کرتے ہوئے تمغہ امتیاز ملٹری سے نوازا جا چکا ہے.
ایئروائس مارشل کے عہدے پر ترقی پانے والے تیسرے ایئر کموڈور رضوان ریاض نے جون 1990 میں انجینئرنگ برانچ میں کمیشن حاصل کیا اور امریکا سے ایرو ناٹیکل انجینئرنگ میں گریجویشن مکمل کرنے کے بعد ایرو اسپیس میں ماسٹرڈگری بھی حاصل کی، انہیں بھی اعلیٰ خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز ملٹری مل چکا ہے.