اتوار, جون 14, 2026
اشتہار

اسکولوں میں 3 ماہ کی تعطیلات کیخلاف درخواست پر پنجاب حکومت کو نوٹس

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور (19 مئی 2026): اسکولوں میں تین ماہ کی موسم گرما کی تعطیلات کے خلاف درخواست پر عدالت نے پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کر دیا۔

آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز اسوسی ایشن کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں اسکولوں میں تین ماہ کی موسم گرما کی تعطیلات کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

جسٹس خالد اسحاق نے طویل تعطیلات کے نوٹیفکیشن پر عمل درآمد روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے درخواست پر متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کر دیے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ 3 ماہ کی تعطیلات سے بچوں کی تعلیم متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

گزشتہ روز آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے چیئرمین کاشف مرزا نے سوال اٹھایا تھا کہ سندھ اور خیبر پختونخوا میں موسم گرما کی 2 ماہ کی چھٹیاں ہیں تو پنجاب میں 90 دن کی طویل چھٹیاں کیوں؟

کاشف مرزا نے دیگر 10 نجی تعلیمی اداروں کے عہدیداروں کے ہمراہ ایک ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے پنجاب حکومت کی جانب سے اسکولوں میں 90 دن کی طویل تعطیلات کے فیصلے کو مسترد کر دیا اور اس حکومتی فیصلے کے خلاف عدالت میں آئینی درخواست دائر کی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کاشف مرزا کا کہنا تھا کہ شہریوں اور بچوں کو مفت و معیاری تعلیم فراہم کرنا آئین کے آرٹیکل 25-A کے تحت ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، لیکن ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بچوں کو تعلیم سے دور رکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ جب سے تعلیمی نظام صوبوں کے پاس آیا ہے، گزشتہ 10 برسوں میں اس کی تباہی شروع ہوئی ہے، مختلف وجوہات اور سموگ، ڈینگی یا پیٹرول بچت جیسے بہانوں کے نام پر اب تک 173 دن اسکولوں میں کوئی پڑھائی نہیں ہو سکی، اور اب مزید 90 دن کی چھٹیاں دے کر بچوں سے تعلیم کا بنیادی حق چھینا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر سمر کیمپ لگانے کی اجازت ہے تو پھر ریگولر تعلیمی سیشن کو کیسے ختم کیا جا سکتا ہے؟ عدالت سے استدعا کی گئی کہ حکومت کے اس غیر آئینی نوٹیفکیشن اور 90 روز کی چھٹیوں کو فوری کالعدم قرار دیا جائے۔

+ posts

عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں

اہم ترین

عابد خان
عابد خان
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں

مزید خبریں