تازہ ترین

ابوظبی، 3 سالہ بچی نے سونے کی بالیاں نگل لیں

ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں 3 سالہ بچی نے سونے کی بالیاں نگل لیں۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں 3 سالہ بچی نے دراز کھول کر والدہ کی سونے کی بالیاں نگل لیں، بچی کو پیٹ میں درد کی شکایت پر شیخ خلیفہ میڈیکل سٹی اسپتال منتقل کیا گیا۔

بچی کی والدہ کا کہنا ہے کہ میں گھریلو کاموں میں مصروف تھی کہ بچی نے کمرے میں جاکر دراز کھولی اور اس میں رکھی سونے کی بالیاں کھا لیں۔

بچی کو شیخ خلیفہ میڈیکل سٹی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے فیملی ڈاکٹر ڈیوڈ روٹ نے کامیاب آپریشن کرکے بچی کے پیٹ سے سونے کی بالیاں نکال لیں۔

ڈاکٹر روٹ کا کہنا ہے کہ پہلے ایک ٹیم نے بچی کا احتیاط سے معائنہ کیا اور معصوم بچی کی زندگی بچانے کے لیے آپریشن کے ذریعے اس کے پیٹ سے بالیاں نکالنے میں کامیاب رہے۔

مزید پڑھیں: شارجہ، ماں کی لاپروائی 3 سالہ بچے کی جان لے گئی

شیخ خلیفہ میڈیکل سٹی اسپتال کے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اس طرح کے کیس اکثر اوقات آتے رہتے ہیں، کبھی کسی بچے نے سکہ، چھوٹی بیٹریز اور چھوٹی بال نگل لی ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چند ماہ قبل ہی 13 ماہ کے بچے نے چھوٹی بالز نگل لی تھیں جن کی پیمائش 3 ملی میٹر تھی۔

ڈاکٹرز کے مطابق سرجیکل ٹیم نے چار گھنٹے کے کامیاب آپریشن کے بعد بچے کی زندگی بچالی تھی اور چند دن تک اسپتال میں رکھ کر اسے مکمل صحت یاب ہونے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا تھا۔

والدین کا کہنا تھا کہ بچے نے فلور پر کھیلتے ہوئے چند چھوٹی بالز اٹھا کر کھالی تھیں اور فلور پر کوئی موجود نہیں تھا جو اسے اس اقدام سے روکتا تاہم آئندہ ہم بہت احتیاط کریں گے۔

Comments

- Advertisement -