تازہ ترین

انڈونیشیا: کرونا سے ایک ماہ میں 30 ڈاکٹرز ہلاک

جکارتہ: انڈونیشیا میں کرونا وبا زور پکڑ چکی ہے، وائرس سے ایک مہینے میں 30 ڈاکٹرز ہلاک ہو چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا میں کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے تقریباً ایک مہینے میں 30 ڈاکٹرز ہلاک ہو چکے ہیں، محکمہ صحت کے حکام نے مئی کے بعد سے کیسز میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

وبا کے آغاز سے لے کر اب تک انڈونیشیا میں کرونا وائرس سے 58 ہزار 24 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، مجموعی کیسز کی تعداد بڑھ کر 21 لاکھ 56 ہزار ہو چکی ہے، جب کہ پیر کو اس وبا سے مزید 463 افراد ہلاک ہوئے، اور 20 ہزار 467 نئے کیسز سامنے آئے۔

وائرس سے ہیلتھ ورکرز بھی بہت زیادہ تعداد میں متاثر ہونے لگے ہیں، اور اب تک 405 ڈاکٹرز اور سیکڑوں ہیلتھ کیئر ورکرز ہلاک ہوئے ہیں، کیسز میں اضافے کی وجہ سے اسپتالوں اور کمیونٹی ہیلتھ سینٹرز پر مریضوں کا بوجھ بھی بڑھتا جا رہا ہے۔

انڈونیشیا کے میڈیکل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے سربراہ ڈاکٹر ادیب خمیدی نے اتوار کو صحافیوں کو بتایا تھا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے چار مزید ڈاکٹرز انتقال کر گئے ہیں، اس سے جون میں وبا سے ہلاک ہونے والے ڈاکٹروں کی تعداد 30 ہو گئی ہے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ انڈونیشیا کے سب سے زیادہ آبادی والے جزیرے جاوا کے قدوس ریجنسی میں 853 ڈاکٹر اس بیماری سے متاثر ہوئے تھے، جن میں سے 231 کا علاج ہوا جب کہ مشرقی جاوا میں کرونا وائرس سے متاثرہ پانچ کی حالت تشویش ناک تھی، جب کہ صوبے میں کم از کم 277 طبی عملے کے ارکان کرونا وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 21 جون تک انڈونیشیا میں 14 لاکھ پانچ ہزار 320 طبی عملے کے ارکان کی ویکسینیشن ہو چکی ہے۔

Comments

- Advertisement -