کلیو لینڈ : امریکا میں بچوں کے اغواء کی وارداتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا، گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 30 بچے لاپتہ ہونے پر پولیس حکام نے بھی سر پکڑ لیا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی شہر کلیو لینڈ میں گزشتہ ماہ کے پہلے دو ہفتوں کے دوران 12 سے 17سال کی عمر کے تقریباً تیس بچے لاپتہ ہوچکے ہیں۔
پے در پے ہونے والی ان وارداتوں سے ملک میں انسانی اسمگلنگ اور دیگر خطرناک سرگرمیوں کے بارے میں خدشات مزید بڑھ رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیو برگ ہائٹس پولیس کے چیف جان ماہوئے نے بتایا ہے کہ دو تا سوہ مئی کے درمیان شہر سے کم از کم 27 بچے لا پتہ ہوگئے ہیں۔
کلیولینڈ مسنگ تنظیم کے صدر کی حیثیت سے بھی مامور پولیس چیف نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کو غیرمعمولی قرار دیا ہے۔
مذکورہ صورت حال سے پریشان ماہوئے نے بتایا کہ ہمیں تاحال یہ نہیں معلوم ہوا ہے کہ آیا ان بچوں کو انسانی تجارت کے لیے یا منشیات کی اسمگلنگ کے لیے استعمال کیا گیا ہو۔
بتایا گیا ہے کہ کلیولینڈ اور اوہائیو کے دیگر علاقوں میں گمشدہ بچوں کی بازیابی کے لیے آپریشن شروع کیا گیا تھا۔