اسلام آباد: تھانہ کھنہ کے مقدمے میں پی ٹی آئی کے 30 کارکنان کو اشتہاری قرار دے دیا گیا، کارکنان کے خلاف دہشت گردی، توڑ پھوڑ اور دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے تھانہ کھنہ میں درج مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے 30 کارکنان کو اشتہاری قرار دیا۔
عدالت نے بتایا کہ یہ کارروائی 26 نومبر کو احتجاج کے دوران درج 5 مقدمات کی سماعت کے سلسلے میں کی گئی۔
گزشتہ سماعت پر 31 کارکنان کے خلاف اشتہاری کارروائی شروع کی گئی تھی، تاہم ایک کارکن کی عدالت میں پیشی کے بعد اس کے خلاف کارروائی ختم کر دی گئی۔
عدالت نے تھانہ کھنہ کے مقدمہ کی سماعت 2 اپریل تک ، تھانہ مارگلہ کے مقدمہ کی سماعت 4 اپریل تک ،تھانہ کوہسار کے مقدمہ کی سماعت 26 مارچ اورتھانہ ترنول اور آبپارہ کے مقدمات کی سماعت 10 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔
پولیس ریکارڈ کی عدم دستیابی کی وجہ سے آج کسی مقدمہ میں شہادتیں ریکارڈ نہیں ہو سکیں، پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف دہشت گردی، توڑ پھوڑ اور دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔


