(5 مئی 2026): انٹرنیٹ پر نیا اسکیم سامنے آ گیا ہے اور 30 ہزار فیس بُک اکاؤنٹس ہیک ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
سائبر کرمنلز دنیا بھر میں سرگرم ہیں اور انٹرنیٹ پر آئے دن کوئی نہ کوئی جعلسازی سامنے آتی رہتی ہے۔ ایسی ہی ایک نئی جعلسازی کی مہم سامنے آئی ہے، جس میں جعلی ای میلز کے ذریعہ فیس بک اکاؤنٹس کو ہیک کرنے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ نئی سائبر مہم ویتنام سے سامنے آئی ہے، جہاں گوگل ایپ شیٹ کو ’فِشنگ ریلے‘ کے طور پر استعمال کرتے ہوئے جعلی ای میلز کے ذریعے فیس بک اکاؤنٹس ہیک کیا جا رہا ہے۔
سیکیورٹی کمپنی گارڈیو نے اس مہم کو ’اکاؤنٹ ڈمپلنگ‘ کا نام دیا ہے۔ اس جعلسازی کے تحت چوری شدہ فیس بک اکاؤنٹس کو دوبارہ ایک غیر قانونی آن لائن دکان کے ذریعے فروخت کیا جاتا ہے، جو انہی ہیکرز کے زیرِ انتظام ہے۔
اندازے کے مطابق اس مہم میں تقریباً 30 ہزار فیس بک اکاؤنٹس ہیک کیے جا چکے ہیں۔
سیکیورٹی محقق شیکڈ چین کے مطابق یہ کوئی عام فِشنگ ٹول نہیں بلکہ ایک مکمل، متحرک آپریشن تھا جس میں لائیو کنٹرول پینلز، جدید بچاؤ کے طریقے، مسلسل اپڈیٹس اور ایک منظم مجرمانہ نظام شامل ہے جو انہی اکاؤنٹس سے فائدہ اٹھاتا ہے جنہیں یہ چراتا بھی ہے۔
یہ انکشاف ثابت کرتا ہے کہ ویتنام سے وابستہ ہیکرز مسلسل نئے طریقے اپنا رہے ہیں تاکہ لوگوں کے فیس بک اکاؤنٹس تک غیر مجاز رسائی حاصل کر سکیں اور پھر انہیں بلیک مارکیٹ میں بیچ کر پیسہ کمائیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


