کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کی ترقی کے لیے 300 دن کا منصوبہ تیار کرلیا گیا۔ ریلوے فریٹ سروس کی میگا اسکیم بھی منصوبے کا حصہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی ترقی کے لیے 300 دن کا منصوبہ تیار کرلیا گیا۔ منصوبے میں ٹرانسپورٹ، پانی اور بلدیاتی مسائل کے حل کی اسکیمز شامل ہیں۔
ریلوے فریٹ سروس کی میگا اسکیم بھی منصوبے کا حصہ ہے۔ منصوبے کے تحت دھابیجی فریٹ پراجیکٹ کے تحت کراچی سے اندرون ملک سامان کی ترسیل ہوگی۔ تمام کنٹینرز اور درآمد سامان کی ترسیل فریٹ ٹرینوں کے ذریعے ہوگی۔ ایسٹ، ویسٹ وہارف سے فریٹ ٹرین سامان کی ترسیل کرے گی۔
300 دن کے منصوبے میں کراچی لوکل ٹرینوں کو آپریشنل کیا جائے گا۔ کراچی کے علاقوں لانڈھی، ملیر، بن قاسم اور دھابیجی تک ہر 30 منٹ میں لوکل ٹرین چلے گی۔
وفاقی حکومت نے کراچی ٹاسک فورس کے ٹرمز آف ریفرنس بھی تیار کرلیے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کی دورہ چین سے وطن واپسی پر کراچی ٹاسک فورس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔
کراچی ٹاسک فورس میں گورنر سندھ، وفاقی وزرا، میئر، ماہرین تعمیرات، تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی اور صنعتکار شامل ہوں گے۔ ٹاسک فورس ازسر نو ماسٹر پلان مرتب کرنے کا جائزہ لے گی۔
کراچی کے سیوریج مسائل، کچرا ٹھکانے لگانے کے لیے اسکیمز اور ناردرن بائی پاس کو دو رویہ کرنا منصوبے میں شامل ہے۔ کراچی کو 350 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی کے منصوبے بھی مجوزہ پلان میں شامل ہیں۔