تازہ ترین

تاجکستان کی جیل میں داعش قیدیوں کی ہنگامہ آرائی، 32 افراد ہلاک

دوشنبے: تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے کی جیل میں داعش قیدیوں کی ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں سیکیورٹی گارڈز سمیت 32 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جیل میں ہونے والے فسادات میں تین جیلرز اور 5 قیدیوں سمیت 32 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوئے ہیں، ہنگامہ آرائی کے بعد جیل میں مزید نفری طلب کرلی گئی۔

تاجکستان کی وزارت انصاف کے مطابق قیدیوں کے درمیان ہونے والے فسادات میں تیز دھار آلے استعمال کیے گئے۔

حکام کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 24 قیدیوں کو ہلاک کردیا جس کے بعد جیل میں صورت حال پر قابو پالیا گیا ہے، اس جیل میں قید زیادہ تر قیدی داعش جنگجو ہیں۔

مزید پڑھیں: تاجکستان میں مسلح افراد کا حملہ، 4 غیرملکی سیاح ہلاک

وزارت انصاف کا کہنا ہے کہ جیل میں جھگڑا داعش کمانڈر بیخروز گلمورود کے گروہ نے شروع کیا، بیخروز گلمورود تاجک اسپیشل فورس کے کرنل گلمورود کے بیٹے ہیں جنہوں نے 2015 میں داعش میں شمولیت اختیار کی تھی اور شام میں جھڑپ کے دوران ہلاک ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ تاجکستان حکومت نے شدت پسند تنظیموں سے علیحدگی اختیار کرنے والے جنگجوؤں کے لیے عام معافی کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں بھی تاجکستان کی ایک جیل میں قیدیوں کے درمیان ہونے والے تصادم کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی، تصادم کے نتیجے میں درجنوں قیدی ہلاک ہوگئے تھے۔

Comments

- Advertisement -