روس نے یوکرین کے شہری علاقوں پر میزائل داغ دیے جس کے نتیجے میں 36 افراد ہلاک اور 137 زخمی ہوگئے آج یوکرین میں یوم سوگ منایا جا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس نے گزشتہ روز 40 سے زائد کروز میزائل، بیلسٹک اور گائیڈڈ میزائلوں سے چلڈرن اسپتال، کمرشل اور رہائشی عمارتوں پر حملہ کیا۔ کیف کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں 36 افراد ہلاک اور 137 زخمی ہوئے جب کہ آج یوکرین میں یوم سوگ منایا جا رہا ہے۔
یوکرین پر روسی حملوں پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج طلب کیا گیا ہے۔
دوسری جانب روسی حکام نے اس کارروائی میں شہریوں کے جانی نقصان کو بے بنیاد اور جھوٹا قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کی افواج نے یوکرین میں صرف دفاعی صنتعوں اور ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ یوکرین نے گزشتہ روز روس میں اسلحے کے گودام پر میزائل حملے کر کے انہیں تباہ کردیا تھا جس میں روسی فوج کا اسلحہ بڑی تعداد میں تباہ ہوگیا تھا۔ روس نے دھمکی دی تھی کہ یوکرین کو اپنی اس غلطی کا بڑا خمیازہ بھرنا پڑے گا۔