آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 آسٹریلیا کی جیت کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا لیکن اس سے جڑی خبریں اب بھی میڈیا کی زینت بن رہی ہیں۔
بھارت میں منعقدہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں آسٹریلیا نے بھارت کو باآسانی چھ وکٹوں سے شکست دے کر چھٹی بار ورلڈ کپ ٹائٹل اپنے نام کیا۔
ورلڈ کپ کے بعد کئی تنازعات نے جنم لیا تو کئی اچھی خبریں بھی میڈیا کی زینت بنیں۔
آسٹریلوی آل راؤنڈر مچل مارش نے ٹرافی پر پاؤں رکھا تو بھارتی آگ بگولہ ہوگئے اور ان پر تنقید کرتے ہوئے یہ تک کہا کہ مچل مارش کے بھارت میں کھیلنے پر پابندی عائد کی جائے۔
تاہم اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ ورلڈ کپ فائنل میں ہوائی سفر کرنے والوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، فائنل سے ایک روز قبل بھارت سے تقریبا 4.6 لاکھ لوگوں نے ہوائی سفر کیا جو اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
بھارتی ٹیم کے ورلڈ کپ فائنل میں پہنچنے کے ساتھ ہی احمد آباد پہنچنے کے لیے لوگوں میں جوش و خروش دیکھا گیا اور ایئرلائنز نے کرایوں میں اضافے کے باوجود ریکارڈ کمائی کی۔
اس سے قبل دیوالی کے تہوار میں ہوائی سفر کرنے والوں کی تعداد کبھی چار لاکھ تک نہیں پہنچی جس کی وجہ ایئرلائنز کی جانب سے کرایوں میں اضافہ تھا۔
دیوالی سے ایک ماہ قبل ہی ایئرلائنز نے کرایوں میں اضافہ کردیا تھا جس کی وجہ سے لوگوں کی بڑی تعداد نے ٹرین کے اے سی کلاس کے ٹکٹوں کا رخ کیا۔
تاہم ورلڈ کپ فائنل کے لیے شائقین کرکٹ نے 20 سے 40 ہزار روپے کے ٹکٹ بھی خریدے اور میچ دیکھنے کے لیے احمد آباد اسٹیڈیم پہنچے۔