تازہ ترین

بنوں کے مختلف علاقوں سے چند گھنٹوں کے دوران 4 لاشیں برآمد

بنوں : خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے مختلف علاقوں سے چند گھنٹے کے دوران 4 لاشیں برآمد ہوئیں، پولیس نے قتل کے چار مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں 4 لاشیں ملیں، پولیس کا کہنا ہے کہ پہلا واقعہ میرا خیل کے علاقے سے رپورٹ کیا گیا جہاں مقامی لوگوں نے دونوں نوجوانوں کی لاشوں کو ایک کھیت میں دیکھا۔

لاشوں کی شناخت کے بعد علاقہ پولیس نے احمد خان اور نعیم کی لاشوں کو طبی اور قانونی طریقہ کار کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔

ایک اور واقعہ بازار احمد خان کے قریب رپورٹ کیا گیا ، جہاں نعیم خان نامی شخص کی لاش ملی ، پولیس نے بتایا کہ اس شخص کو نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار کر قتل کیا اور لاش بازار کے قریب پھینک گئے۔

تیسرا واقعہ میرا خیل کے علاقے میں پیش آیا، جہاں پولیس نے ہاتھی خیل کے علاقے سے ایک شخص کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمد کی، پولیس نے قتل کے چار مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

یاد رہے رواں سال مارچ میں بھی بنوں کے نواحی علاقے جانی خیل سے 4لاشیں ملی تھیں ، چاروں نوجوان علاقہ جانی خیل میں شکار کھیلنے گئے تھے۔

مرنے والوں کی عمریں 14سے 18سال کے درمیان تھیں جبکہ چاروں افراد آپس میں دوست تھے جن کا تعلق بنوں سے ہی تھا۔

Comments