The news is by your side.

Advertisement

خیرپور: مسافر بس خوفناک حادثے کا شکار، 4 جانوں کا ضیاع

خیرپور: صوبہ سندھ کے ضلع خیرپور میں تیز رفتار مسافر کوچ الٹنے سے قیتمی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق رانی پور قومی شاہراہ پر گڈیجی پل کے قریب دلخراش حادثہ رونما ہوا ہے، جہاں کراچی سے پشاور جانے والے بس تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی، حادثے کے نتیجے میں خاتون سمیت 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے حادثے پر پہنچی اور لاشوں و زخمیوں کو گمس (گمبٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ) اور رانی پور کے اسپتال منتقل کیا، دونوں اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور عملے کو فوری طور پر اسپتال طلب کرلیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیرپور: اولڈ نیشنل ہائی وے پر دلخراش حادثہ، 12 افراد جاں بحق

پولیس ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار بدقسمت بس کراچی سے پشاور جارہی تھی، زخمیوں میں سے کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، حادثے کے بعد قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جبکہ بدقسمت بس کے دیگر مسافر سخت سردی میں بے یارومددگار بیٹھے رہے اور انہیں متعلقہ بس سروس کی جانب سے کوئی سہولت فراہم نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں بھی خیرپور میں مسافر بس اور وین کے درمیان ہونے والے ہولناک تصادم کے نتیجے میں بارہ افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ سال دوہزار تیرہ میں مسافروں سے بھری بس وادی سوات سے کراچی جارہی تھی کہ خیرپور کے قریب ٹھیڑی بائی پاس پر مخالف سمت سے آنے والے ٹریلر سے ٹکرا گئی تھی، اس حادثے کے نتیجے میں 68 افراد جاں بحق ہوئے تھے، جاں بحق ہونے والوں میں 22 خواتین ، 18 بچے اور 18 مرد شامل تھے جبکہ کئی لاشیں ناقابل شناخت بھی تھیں۔

Comments

یہ بھی پڑھیں