تازہ ترین

روس کو بڑا دھچکا، آرمی کے اسلحہ ڈپو میں‌ خوفناک آتشزدگی

ماسکو: روس کے علاقے ریازان میں موجود ملٹری اسلحہ ڈپو میں لگنے والی آگ خوفناک صورت اختیار کرگئی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریازان کے جنگلات میں ہونے والی آتشزدگی میں اسلحہ ڈپو بھی زد میں آیا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے صورت حال خراب ہوگئی۔

آتشزدگی کے بعد اسلحہ ڈپو میں زوردار دھماکے ہوئے جس کے بعد شیلمی کھینو اور زہلتوکھینو میں واقع دس سے زائد دیہات متاثر ہوئے اور یہاں بھی آگ لگ گئی۔

حکام نے اسلحہ ڈپو کے قریب واقع 10 دیہات خالی کرا کے رہائشی افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا ہے۔

آتشزدگی کے بعد اسلحہ ڈپو سے دھماکے کی آوازیں بھی سنائی گئی ہیں جبکہ آگ کے شعلے آسمان سے باتیں کررہے ہیں اور چاروں طرف دھویں کے بادل پھیل گئے ہیں۔ محکمہ فائربریگیڈ کے رضا کار آگ پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں مگر انہیں تاحال ناکامی کا سامنا ہے۔

آتشزدگی کو تیزی سے پھیلتا ہوا دیکھ کر مقامی انتظامیہ نے اطراف کے دس دیہات خالی کروادیے، ریسکیو رضاکاروں نے شہریوں کو محفوظ مقام کی طرف منتقل کیا۔

وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ آتشزدگی سے دیہاتوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور نہ ہی کوئی زخمی ہوا ہے، صورت حال قابو میں ہے، آگ پر جلد قابو پالیا جائے گا۔

روسی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلحہ ڈپو فوج کے زیر استعمال تھا جہاں پر اسلحے سمیت دیگر ایمونیشن اور بارودی مواد رکھا ہوا تھا۔

Comments

- Advertisement -