اسکردو: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کے بیس کیمپ پر تیز ترین انٹرنیٹ سروس کا آغاز کردیا۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کے ٹو بیس کیمپ پر واقع ایریا کنکورڈیا میں 4 جی بیس ٹرانسیور اسٹیشن نصب کردیا گیا۔
اس اسٹیشن کی تنصیب کے بعد ملک کی دوسری بلند ترین چوٹی پر تیز ترین انٹرنیٹ سروس کی فراہمی شروع ہوگئی۔ پی ٹی اے نے بتایا کہ اس سائٹ کو معروف پاکستانی کوہ پیما علی سدپارہ کا نام دیا گیا ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق اس سائٹ کا افتتاح وزیراعظم نے دورہ گلگت بلتستان کے دوران کیا تھا۔
پی ٹی اے کے مطابق سیاحتی مقامات پر ٹیلی کمیونیکیشن خدمات کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز ہے، ٹرانسیور اسٹیشن کی تنصیب سے کوہ پیماؤں اور ٹریکنگ کرنے والے افراد کو رابطوں کی بہتر سہولیات کی فراہمی ممکن ہوگی۔
مزید پڑھیں: فور جی سروس، فواد چوہدری نے گلگت بلتستان کے عوام کو بڑی خوش خبری سنادی
دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی پر نصب ہونے والے ٹاور کی مدد سے موبائل کوریج، انٹرنیٹ رسائی میں بہتری آئے گی، علاوہ ازیں اس کی تنصیب سے کوہ پیماؤں اور ٹریکنگ گروپوں کو اپنے پیاروں کے ساتھ رابطے میں رہنے کے علاوہ ہنگامی صورت حال میں مدد فراہمی بھی ممکن ہوگی۔
It is an evidence of Government, regulator and operators’ efforts to provide better communication facilities in every nook and corner of the country.
— PTA (@PTAofficialpk) May 17, 2021
اعلامیے کے مطابق اس ٹاور کی تنصیب سے ایڈونچر سیاحت کو فروغ اور موسم کی صورت حال سے بروقت آگاہی بھی ملے گی۔ پی ٹی اے کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے کونے کونے میں رابطوں کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے یہ اقدام حکومت، آپریٹر اور ریگولیٹر کی کاوشوں کا عملی ثبوت ہے۔