اسلام آباد : وفاقی دارلحکومت اور راولپنڈی میں 5.8 شدت کا زلزلہ آیا ، جس کے باعث شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد، گردونواح، گلگت بلتستان، پشاور اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہری خوفزدہ ہو کر کلمۂ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز نے بتایا کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر بتائی گئی ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ زلزلہ صبح 11 بج کر 21 منٹ پر آیا، جس کا مرکز شمال مغربی کشمیر کا پہاڑی علاقہ قرار دیا گیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے سے کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
گذشتہ ہفتے پاکستان کے مختلف علاقوں میں رات گئے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جن میں اسلام آباد، راولپنڈی اور گرد و نواح کے علاقے شامل ہیں۔
زلزلہ پیما مرکز نے بتایا تھا کہ زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ آٹھ ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز تاجکستان کا شمالی علاقہ تھا، جس کی گہرائی ایک سو انسٹھ کلومیٹرتھی۔
زلزلے کے جھٹکے سوات، ملاکنڈ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور ، قریبی علاقوں میں محسوس کیے گئے تھے جبکہ مظفرآباد، وادی نیلم اور لیپہ ویلی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے ، جس کے باعث شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے اور دعائیں مانگتے رہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


