اسلام آباد: آئی نائن بنی گالہ فائرنگ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، پولیس نے 5 نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی نائن بنی گالہ میں اراضی تنازعے پر پے در پے دو دن ملزمان نے فائرنگ کر کے 3 افراد کو قتل کر دیا تھا، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اس سلسلے میں پانچ ملزمان کو پکڑ لیا ہے۔
ایس ایس پی انویسٹیگیشن عطا الرحمان نےپریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار ملزمان میں سے 3 کو کراچی سے جب کہ 2 کو اسلام آباد سے پکڑا گیا ہے، جن میں ابرار، شاہریز، ارباب، اور خاور شامل ہیں۔
اسلام آباد: نامعلوم ملزمان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ، 2 جاں بحق
یاد رہے کہ فائرنگ کیس میں 3 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے تھے، ملزمان نے پہلے دن ایک شخص کو قتل کر دیا تھا، اگلے دن فائرنگ کر کے دو مزید افراد کو قتل کیا گیا۔
تہرے قتل کیس کی تفتیش کے لیے ڈی آئی جی آپریشنز کی نگرانی میں دو الگ الگ ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں، پولیس کا کہنا ہے کہ ٹارگٹ کلرز کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں، جب کہ فائرنگ میں ملوث افراد کی شناخت کر لی گئی ہے، اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری طرف اینٹی کار لفٹنگ سیل نے خصوصی مہم شروع کر دی ہے، اے ایس پی حنا کی زیر نگرانی اس سلسلے میں پنجاب اور کے پی میں کاروائیاں کی گئیں۔
20 روز کے اندر کار چوری میں ملوث تین گینگز کے 10 ملزمان گرفتار کر لیے گئے ہیں، گرفتار ملزمان سے 3 کروڑ 57 لاکھ مالیت کی 22 گاڑیاں 25 موٹر سائیکل برآمد کی گئیں۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کا تعلق خیبر پختون خوا اور پنجاب کے علاقوں سے ہے، پکڑی جانے والی گاڑیاں اور موٹر سائیکلز جلد مالکان کے حوالے کی جائیں گی۔