کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی پہنچنے والے 5 مسافروں میں کووڈ 19 کی تصدیق ہوگئی، تمام مسافروں کو ایئر پورٹ سے قرنطینہ منتقل کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کراچی ایئر پورٹ پر 5 مسافروں میں کووڈ 19 کی تصدیق ہوگئی، مسافروں کے ریپڈ ٹیسٹ کیے گئے تھے۔
ذرائع محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ان میں سے 4 مسافر سعودی عرب سے اور ایک خاتون مسافر دبئی سے کراچی پہنچیں۔
ذرائع کے مطابق چاروں مسافروں کو قرنطینہ کے کورنگی سینٹر منتقل کردیا گیا جبکہ خاتون مسافر کو مقامی ہوٹل میں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) نے بتایا تھا کہ ملک میں اب تک کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے 75 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
این آئی ایچ کے مطابق اومیکرون ویرینٹ کا پہلا کیس 13 دسمبر کو کراچی میں سامنے آیا تھا، شہر قائد میں اب تک اومیکرون ویرینٹ کے 33 کیسز سامنے آچکے ہیں۔
این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ وفاقی اور صوبائی صحت حکام اومیکرون کے حوالے سے صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور اومیکرون سے متاثرہ افراد کو فوری آئسولیٹ کیا جا چکا ہے۔