تازہ ترین

ملک بھر میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز

اسلام آباد: ملک بھر میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا، مہم میں 3 کروڑ سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے 128 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا۔ پولیو پروگرام کے مطابق مہم کا ہدف 3 کروڑ سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلوانا ہے۔ 5 سال سے کم عمر بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلائے جائیں گے۔

پولیو پروگرام کے مطابق مہم میں 2 لاکھ 10 ہزار فرنٹ لائن ورکرز حصہ لے رہے ہیں، ورکرز کرونا وائرس ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے مہم چلائیں گے۔

پولیو پروگرام کا کہنا ہے کہ سندھ کے 41، پنجاب اور بلوچستان کے 33، 33، آزاد کشمیر کے 10، گلگت بلتستان کے 8 اور خیبر پختونخواہ کے 1 ضلع میں انسداد پولیو مہم جاری رہے گی۔

5 روزہ انسداد پولیو مہم 31 اکتوبر تک جاری رہے گی۔

خیال رہے کہ رواں برس اب تک ملک میں پولیو کیسز کی تعداد 79 ہوچکی ہے، سب سے زیادہ پولیو کیسز بلوچستان سے سامنے آئے جن کی تعداد 23 ہے۔

اس کے بعد سندھ اور خیبر پختونخواہ میں 22، 22 کیسز ریکارڈ ہوئے جبکہ پنجاب سے 12 پولیو کیسز سامنے آئے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پولیو کیسز میں 65 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے انسداد پولیو کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے اس بات کا امکان ظاہر کیا ہے کہ پاکستان بہت جلد پولیو فری ملک بن جائے گا۔

Comments

- Advertisement -