لاہور : نو روز قبل لاپتہ ہونے والے پانچ سالہ حسنین کی لاش ہوٹل کے گٹر سے برآمد ہوگئی۔ پولیس نے ہوٹل انتظامیہ کو حراست میں لے کر ہوٹل کو سربمہر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سمن آباد لاہور کا رہائشی پانچ سالہ حسنین گیارہ جون کو اپنی پھوپھو کی شادی کی تقریب میں شرکت کے لئے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ عامر ہوٹل آیا جہاں سے وہ لاپتہ ہو گیا۔
نو روز بعد ہوٹل کے گٹر سے اس کی لاش برآمد ہوگئی۔ ہوٹل انتظامیہ نے گٹر کے اوپر ڈھکن کی جگہ لکڑی کا بورڈ رکھ کر اسے ڈھانپا ہوا تھا۔
ایس پی سٹی نوید کے مطابق مقتول کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ حسنین کی ہلاکت میں ہوٹل انتظامیہ کا ہاتھ ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق مقتول ہوٹل سے باہر ہی نہیں نکلا۔
پولیس نے مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے لاہور میئو ہسپتال کے مردہ خانے منتقل کردیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچے کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی اس کے مرنے کی وجوہات سامنے آ سکتی ہیں، رپورٹ کے اندراج کے بعد مزید حقائق کی روشنی میں تفتیش کی جائے گی۔