لاہور : سی ٹی ڈی سے مقابلے کے دوران 5 دہشتگرد ہلاک ہوگئے ، ہلاک ہونے والے دہشت گرد پنجاب کے مختلف شہروں اور اہم تنصیبات پر حملوں کی باقاعدہ منصوبہ بندی مکمل کر چکے تھے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے پنجاب کو بڑی تباہی سے بچاتے ہوئے اٹک کے سرحدی علاقے کے قریب ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر ان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا، تاہم وہاں موجود دہشت گردوں نے ٹیم کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
سی ٹی ڈی اہلکاروں کی جانب سے کی گئی بھرپور جوابی کارروائی اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد موقع پر ہی مارے گئے۔
ترجمان نے انکشاف کیا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد پنجاب کے مختلف شہروں اور اہم تنصیبات پر حملوں کی باقاعدہ منصوبہ بندی مکمل کر چکے تھے، جسے بروقت کارروائی کر کے ناکام بنا دیا گیا۔
ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے ہولناک اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے جس میں ایک خودکش جیکٹ، دستی بم، ایس ایم جیز، بھاری تعداد میں گولیاں اور بارودی مواد شامل ہے۔
واقعے کے بعد اٹک کے سرحدی اور قریبی علاقوں کو گھیرے میں لے کر مزید ممکنہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن تیز کر دیا گیا ہے۔


