اس سال ہونے والی فیفا ورلڈکپ میں ٹکٹ کی مانگ نے تمام ریکارڈ توڑ دیے، شائقین کی جانب سے 50 کروڑ سے زائد ٹکٹ درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔
فٹبال کا عالمی کپ دنیا کے ان چند بڑے ایونٹس میں سے ایک ہے جس کے میچز میں شرکت دیوانے شائقین کا خواب ہوتا ہے، تاہم فیفا ورلڈکپ 2026 کے لیے دنیا بھر میں جوش و خروش اتنا بڑھ چکا ہے جو اس سے پہلے کبھی دیکھن میں نہیں آیا، جمعرات 11 دسمبر 2025 سے منگل 13 جنوری 2026 تک یہ درخواست موصول ہوئی۔
رینڈم سلیکشن ڈرا ٹکٹ سیلز فیز کے دوران آدھے بلین یعنی 50 کروڑ سے زیادہ ٹکٹ کی درخواست جمع کرائی گئی ہیں، یعنی صرف 33 دنوں میں فیفا کی تمام 211 رکن ایسوسی ایشنز کے ممالک اور خطّوں میں رہنے والے شائقین کی جانب سے اتنی بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہوئیں۔
ٹکٹ درخواست کے حوالے سے نتائج کے بارے میں 5 فروری سے پہلے ای میل کے ذریعے فٹبال شائیقن کو مطلع کر دیا جائے گا آیا کہ انھیں میچز کےلیے ٹکٹ ملے گا یا اس بار یہ ان کی قسمت میں نہیں۔
میزبان ممالک امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا سرفہرست درخواست گزار ممالک میں شامل ہیں جبکہ جرمنی، انگلینڈ، برازیل، اسپین، پرتگال، ارجنٹینا اور کولمبیا کی طرف سے بھی بہت زیادہ درخواتیں آئیں۔
33 دن کی درخواست ونڈو کے دوران شائقین نے روزانہ اوسطاً 1.5 کروڑ ٹکٹ درخواستیں جمع کرائیں، جس نے کھیلوں کی تاریخ میں ٹکٹوں کی طلب کے حوالے سے ایک نیا بینچ مارک سیٹ کردیا ہے۔
ٹکٹوں کی اس قدر مانگ اور شائقین کا فٹبال میچز دیکھنے کی اتنی چاہت ظاہر کرتا ہے کہ پہلی مرتبہ ہونے والے 48 ٹیموں کے فیفا ورلڈ کپ کو عالمی سطح پر زبردست پذیرائی پہلے ہی مل چکی ہے۔
صدر فیفا گیانی انفینٹینو نے کہا کہ صرف ایک ماہ میں آدھے بلین ٹکٹ درخوات، ڈیمانڈ سے زیادہ ہیں، فیفا کی جانب سے میں دنیا بھر کے فٹبال شائقین کا اس شاندار ردِعمل پر شکریہ ادا کرتا ہوں اور انھیں مبارکباد دیتا ہوں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سیلز فیز میں سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا میچ ہفتہ 27 جون کو میامی میں کولمبیا اور پرتگال کے درمیان ہونے والا میچ تھا۔ ٹاپ 5 میں جمعرات 18 جون کو گواڈلاہارا میں میکسیکو بمقابلہ کوریا اور اتوار 19 جولائی کو نیویارک میں ہونے والا فائنل ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


