اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 بچے کورونا میں مبتلا ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے میں 10 سال تک کے 56 بچوں میں کورونا کی تشخیص ہوئی، 10 سال تک کے کل 7603 بچے کورونا مثبت آچکے ہیں۔
ڈی ایچ او کا کہنا ہے کہ 11 تا 20 سال کے 6537 افراد تاحال کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں، 21 سے 30 سال کے 14 ہزار 469 افراد کورونا پازیٹو ہوچکے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر کے مطابق 31 سے 45 سال کے 20 ہزار 209 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے، 46 سے 60 سال کے 13 ہزار 634 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں 24 گھنٹے میں 203 مرد، 172 خواتین کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
مزید پڑھیں: این سی او سی کا کرونا پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ، تجاویز تیار، ذرائع
قبل ازیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 98 افراد انتقال کر گئے جس کے بعد وبا سے مرنے والوں کی تعداد 16 ہزار 698 تک پہنچ گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا کے 5 ہزار 857 نئے کیسز سامنے آئے، ملک میں اب تک مجموعی طور پر کرونا کے 7 لاکھ 78 ہزار 238 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔
این سی او سی کے مطابق کرونا کے 6 لاکھ 76 ہزار 605 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، جب کہ 4 ہزار 593 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، ملک میں فعال کیسز کی تعداد 84 ہزار 935 ہے۔