کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے حکومت کی جانب سے دی جانے والی عید الفطر کی طویل تعطیلات کو یکسر مسترد کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے چیئرمین زبیر میمن موتی والا نے عید کی تعطیلات کو طویل قرار دیتے ہوئے حکومت سے نظر ثانی کا مطالبہ کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’ملک کو مسلسل 9 روز تک بند رکھنا ناقابل قبول ہے لہذا حکومت فیصلے پر نظرثانی کرے اور 12 سے 15 مئی تک تعطیل کا اعلان کیا جائے‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’عید کی طویل تعطیلات سے تاجر برادری اور برآمد کنندگان کے لیے بہت زیادہ مسائل پیدا ہوں گے جبکہ بینکوں، بندرگاہوں، کسٹمز اور دیگر تمام محکموں کی بندش کی وجہ سے ایکسپورٹ بھی بری طرح سے متاثر ہوں گی‘۔
زبیر میمن موتی والا کا کہنا تھا کہ ’کرونا ایس او پیز میں محدود کاروباری اوقات کے باعث تاجر و صنعت کار برادری کو شدید مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لہذا عید سے قبل بینکوں اور دیگر ضروری محکموں کے ساتھ بندرگاہوں کو بھی ممکنہ مدت کے لئے مکمل طور پر فعال رکھا جائے‘۔
مزید پڑھیں: وفاقی حکومت نے عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان کردیا
کراچی چیمبر آف کامرس اور انڈسٹریز کے چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ ’عید کی طویل تعطیلات کے دوران یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ضرورت مند غریب افراد کو آمدنی سے محروم کردیا جاتا ہے‘۔
واضح رہے کہ حکومت نے 10 سے 15 مئی یعنی پیر سے ہفتے تک عید الفطر کی تعطیلات دینے کا اعلان کیا ہے، اگلے روز اتوار کی وجہ سے ملک بھر میں دفاتر اور بازار بند رہیں گے جبکہ معمولاتِ زندگی پیر 17 مئی سے بحال ہوگا۔ این سی او سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ عید پر لازمی سروسز کےعلاوہ کاروبار،مارکیٹس اور دکانیں بند رہیں گی جبکہ اشیائے خوردونوش، میڈیکل اسٹورز،اسپتال،ویکسی نیشن سینٹر، بیکریز، پیٹرول پمپس، چکن، سبزی اور پھلوں کی دکانیں بھی کھلی رہیں گی۔