جمعہ, جنوری 17, 2025
اشتہار

فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی، بھارتی پولیس نے مسلم نوجوان کو گرفتار کرلیا

اشتہار

حیرت انگیز

لکھنؤ: بھارتی ریاست اترپردیش میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرنے اور اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے والے مسلم نوجوان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست اترپردیش کے ضلع اعظم گڑھ کی پولیس نے ایک مسلمان نوجوان کو اپنے گھر پر فلسطینی جھنڈا لگانے اور دوسروں کو اس بات پر  قائل کرنے پر گرفتار کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق نوجوان کا تعلق بھارت کی سیاسی جماعت رہائی منچ سے ہے۔ رہائی منچ کے جنرل سیکریٹری نے اس گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے فرقہ وارانہ اور مذہب دشمن گرفتاری قرار دیا۔

- Advertisement -

جنرل سیکریٹری راجیو یادو کا کہنا تھا کہ ’پولیس نے نوجوان کو صرف اس الزام میں گرفتار کیا کہ اُس نے فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کی مذمت کرنے کے لیے اپنے گھر پر فلسطینی پرچم لگایا اور دوسروں سے بھی لگانے کی اپیل کی تھی‘۔

انہوں نے کہا کہ ‘کرونا وبا کے اس دور میں حکومت اور انتظامیہ فرقہ وارانہ ایجنڈے پر کام کررہی ہے، اناؤ میں فیصل کا قتل ہو یا بارہ بنکی میں مسجد کو منہدم کرنا ہو یا اعظم گڑھ میں مسلمان نوجوان کو فلسطینی پرچم لہرانے کی اپیل کرنے پر گرفتار کرنا ہو ان سب ہی واقعے سے حکومت کی فرقہ وارانہ اور مذہب دشمن سوچ ظاہر ہوتی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’جب بھارت میں امریکا اور انگلینڈ کے جھنڈوں والی ٹی شرٹ پہننا یا انہیں لہرانا جرم نہیں ہے تو فلسطین کا پرچم لگانے کو جرم کیوں قرار دیا گیا ہے‘۔ راجیو یادو نے مسلم نوجوان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر یہی کام کوئی غیر مسلم نوجوان کرتا تو پولیس اُس کو کچھ نہیں کرتی بلکہ خاموش رہتی‘۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں