The news is by your side.

Advertisement

پانی بحران، سندھ حکومت کا کل صوبے بھر میں ’یوم دعا‘ منانے کا فیصلہ

کراچی: پانی بحران پر سندھ حکومت نے کل صوبے بھر میں یوم دعا منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبائی وزیر آبپاشی سہیل انور سیال کا کہنا ہے کہ پانی کی کمی دور کرنے کے لیے خصوصی دعا کی جائے گی، سندھ بھر کی عبادت گاہوں اور درگاہوں میں دعائیہ تقریبات ہوں گی۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ علما اور عوام سے پانی کی کمی دور کرنے کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔

سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ عوام وفاقی حکومت سے مایوس ہوچکی ہے، حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے عوام مشکلات کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ کو پانی کی ایک بوند کے لیے تڑپا رہی ہے۔

سہیل انور سیال نے کہا کہ کراچی سے کشمور تک مصیبتوں کے خاتمے کے لیے دعا کریں، سندھ بھر میں دعائیہ تقریبات ایس او پیز کے تحت ہوں گی۔

مزید پڑھیں: سندھ اسمبلی میں گرما گرمی، سہیل انور سیال کی پی ٹی آئی رکن کو مارنے کی کوششش

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی نے سندھ کے حصے کا پانی دینے کی قرارداد کی مخالفت کی تو سہیل انور سیال غصے میں آگئے تھے اور پی ٹی آئی رکن کو مارنے کی کوشش کی تھی۔

پی ٹی آئی رکن محمد علی جی جی نے قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ارسا پانی حصے کا دے رہا ہے، پانی تو سندھ میں ہے، ایک لوٹا پہلے کہتا تھا کہ پیپلزپارٹی والے پانی لے گئے ہیں۔

صوبائی وزیر آبپاشی سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ جو پانی پر صوبے کی مخالفت کرے گا ان کے گھروں میں گھسیں گے، تم لوگ پانی کی مخالفت کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے، ایم این ایز قومی اسمبلی میں تسلیم اور یہاں مخالفت کرتے ہیں۔

Comments

یہ بھی پڑھیں