The news is by your side.

Advertisement

کراچی میں‌ صنعتی زون بنانے کا اعلان

کراچی: وفاقی حکومت نے شہر قائد میں نیا صنعتی زون بنانے کا اعلان کردیا، جو 1500 ایکڑ پر مشتمل ہوگا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں مشیر تجارت عبدالزاق داؤد، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور خسرو بختیار،  وزیراعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے سماجی تحفظ اور تخفیفِ غربت ثانیہ نشتر نے کانفرنس سے خطاب کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور نے کراچی میں ڈیڑھ ہزار ایکڑ پر مشتمل صنعتی زون بنانے کا اعلان کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’برآمدات بڑھانےکیلئے حکومت نے انقلابی اقدامات کیے، جس کے نتائج سب کو نظر بھی آرہے ہیں، صنعت کا پہیہ چلانےکیلئے بجلی اورگیس درکار ہے، اس مسئلے کو جلد حل کرلیا جائے گا‘۔

مشیر تجارت عبدالزاق داؤد کا کہنا تھا کہ ’رواں مالی سال ٹیکسٹائل کی برآمدات کا ہدف 20ارب ڈالرز مقرر کیا گیا ہے جبکہ ادویات سازی کی ایکسپورٹ بڑھانے پر توجہ دے رہے ہیں‘۔

وزیراعظم کی معاونِ خصوصی ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ ’احساس پروگرام کیلئے 260ارب مختص کیےگئے، یوٹیلٹی اسٹورز پر سبسڈی کا آغازا ٓئندہ ماہ سے ہوگا، جنوری سے احساس پروگرام کی رقم کو بڑھا کر 13 ہزار روپے کردیا جائے گا‘۔

دوسری جانب وزیر مملکت برائے اطلا عات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ ’وزیراعظم کی نیت صاف ہے، اللہ کی طرف سے برکت آرہی ہے، اپریل میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 68 فیصد اضافہ ہوا‘۔

Comments

یہ بھی پڑھیں