کراچی: بحریہ ٹاؤن میں ہنگامہ آرائی، جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ بحریہ ٹاؤن میں ہنگامہ آرائی، جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں 6 ملزمان کو پہلے پولیس کے حوالے کیا گیا، مزید 5 ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان منصوبہ بندی کے تحت بحریہ ٹاؤن میں داخل ہوئے تھے، ملزمان کے پاس پائپ، ڈنڈے، آگ لگانے کا مواد موجود تھا۔
رینجزز حکام کے مطابق ملزمان نے اے ٹی ایم سمیت تمام اشیا کو نقصان پہنچایا، ریسٹورنٹ اور شو روم کو لوٹنے کے بعد آگ لگائی گئی۔
ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی ہنگامہ آرائی کرتے دیکھا گیا تھا۔
رینجرز حکام کے مطابق ایس ایس پی ملیر، رینجرز نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کمیٹی تشکیل دی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بحریہ ٹاؤن میں نامعلوم ملزمان کی جانب سے ہنگامہ آرائی کی گئی تھی اور املاک کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔